15-Sep-2025
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹس سندھ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات کراچی شہر کی منصوبہ بندی اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، اورگریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 ء اس ضمن میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے یہ بات اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹس سندھ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ یہ ملاقات کے ڈی اے کے مرکزی دفتر، سوک سینٹر کراچی میں منعقد ہوئی۔وفد کی قیادت مسٹر ہونگ سو لی (Urban Development Specialist) نے کی، جبکہ ٹیم ممبران میں رابعہ عارف اور ممتاز حالی پوٹو شامل تھے۔ ملاقات کے دوران کراچی ماسٹر پلان کی تاریخی حیثیت اور گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 ء کے مستقبل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے وفد کو یقین دلایا کہ ادارہ ترقیات کراچی گریٹر کراچی ریجنل پلان2047 ء کی تیاری اور تکمیل کے ہر مرحلے میں بھرپور تعاون فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے کراچی کو ترقی یافتہ شہروں کی صف میں نمایاں مقام حاصل ہوگا، اور شہریوں کو جدید و معیاری بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔وفد کو گریٹر کراچی ریجنل پلان کے انتظامی و تکنیکی امور پر تفصیلی بریفنگ پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد ارشد خان نے دی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ شعبہ جاتی افسران اس اہم منصوبے کی تکمیل میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ملاقات کے اختتام پر وفد نے ادارہ ترقیات کراچی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر گریٹر کراچی محمد ارشد خان، ممبر فنانس محمد کاشف خان، ممبر ایڈمن شکیل صدیقی، سینئر ڈائریکٹر لینڈ جمیل احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔