13-Nov-2025
کے ڈی اے اراضیوں کی نیلامی کا عمل زیرِ غور، نیلامی سے کراچی کے شہری مستفید ہوسکیں گے، ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے افسران کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ادارے کے مالی ڈھانچے کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ملازمین کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔ ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے اجلاس کے دوران کہا کہ ادارے کو درپیش مالی مشکلات کے حل کے لئے کے ڈی اے اراضیوں کی نیلامی کا عمل زیرِ غور ہے۔کے ڈی اے اراضیوں کی نیلامی سے کراچی کے شہری مستفید ہوسکیں گے۔مزید نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدن کو ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی، موجودہ ملازمین کی تنخواہوں اور مختلف ٹیکسوں کی بروقت ادائیگی کے لئے مختص کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی کہ فوری طور پر کے ڈی اے اراضی کی مکمل فہرست تیار کی جائے، جس میں پلاٹوں کی تصاویر اور دیگر ضروری تفصیلات شامل ہوں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ نیلامی کی سندھ حکومت سے منظوری کے بعد کے ڈی اے اراضیوں کی نیلامی شفاف اور قانونی تقاضوں کے مطابق عمل میں لائی جا سکے۔ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ دوسرے مرحلے میں ان اراضیوں پر بھی توجہ دی جائے گی جن پر غیر قانونی تجاوزات قائم ہیں۔ اس مقصد کے لئے تجاوزات کے خاتمے کے لئے مربوط آپریشن کیا جائے گا، جس کے بعد ان پلاٹوں کو بھی عوام کے لئے نیلامی میں پیش کیا جائے گا۔انہوں نے زور دیا کہ پورے عمل میں شفافیت، قواعد و ضوابط کی پاسداری اور قانونی تقاضوں کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ممبر ایڈمن شکیل صدیقی، سینئر ڈائریکٹر لینڈ جمیل احمد، ڈائریکٹر لینڈ مراد عباسی، ڈائریکٹر ریکوری عارف شاہ،ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ محمد معراج، اور دیگر متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر شریک تھے۔