Welcome to Karachi Development Authority
Mon to Fri - 9am to 5pm
Civic Center, Karachi
info@kda.gos.pk
Click Here
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے نارتھ کراچی ڈویژن ون کا اچانک دورہ کیا، جس کا مقصد انتظامی امور، ریکارڈ کے تحفظ اور دفتر کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے دوران ممبر ایڈمنسٹریشن شکیل صدیقی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ایگزیکٹو انجینئر ناصر صدیقی نے ڈی جی کے ڈی اے کو آفس کے مختلف حصوں کا معائنہ کرایا اور ریکارڈ روم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی زمینوں، اثاثہ جات اور مختلف اسکیموں سے متعلق اہم فائلوں اور دستاویزات کو جدید تقاضوں کے مطابق مرتب اور محفوظ کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے ریکارڈ روم میں کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایگزیکٹو انجینئر ناصر صدیقی اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کا تحفظ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے مترادف ہے، لہٰذا دیگر تمام سائٹ آفسز کے ریکارڈ کو بھی نارتھ کراچی ڈویژن ون کی طرز پر محفوظ اور منظم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دفاتر میں ملازمین کی باقاعدہ حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے واضح کیا کہ غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام عملے کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری کے ساتھ ادا کرنی ہوں گی۔ ڈائریکٹر جنرل کے دورے کے دوران انتظامی امور، ملازمین کی حاضری اور عوامی سہولت کے لیے فراہم کی جانے والی سروسز کا بھی جائزہ لیا گیا۔