Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

13-May-2026

سرجانی ٹاؤن میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کے ڈی اے کا گرینڈ آپریشن جاری ‎

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ادارہ ترقیات کراچی کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے سرجانی ٹاؤن سیکٹر10 اور 13 میں 100 ایکٹر سے زائد سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، آپریشن کے پہلے روز 25 ایکٹر سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جن میں کچے اور پکے اسٹریکچر کے علاوہ مختلف بُکنگ آفسز شامل ہیں۔ اس تمام آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان کر رہے ہیں۔آپریشن کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی، مظاہرین نے پتھراؤ اور شدید فائرنگ کی، جس کے باعث محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے آپریشن جاری رکھا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی صورت کے ڈی اے کی اراضی پر غیر قانونی قبضے یا تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت تجاوزات کے خاتمے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 13مئی2026ء سے سرجانی ٹاؤن اور دیگر سیکٹرز میں انسدادِ تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سرجانی ٹاؤن کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے انہدامی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے مطابق چند شرپسند عناصر ادارہ ترقیات کراچی کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ کے ڈی اے گزشتہ کئی برسوں سے سرجانی ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف کامیاب کارروائیاں انجام دے رہا ہے، جبکہ ہزاروں ایکڑ پر مشتمل قیمتی کے ڈی اے اراضی مختلف علاقوں سے واگزار کرا کے حفاظتی اقدامات بھی نافذ کیے جا چکے ہیں۔


News Photo Gallery