14-May-2026
گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047 کی عوامی نمائش اور اوپن ہاؤس ایونٹ کا انعقاد۔ شہریوں، ماہرین اور میڈیا نمائندگان کو شرکت کی دعوت
حکومتِ سندھ اور ادارہ ترقیات کراچی کے اشتراک سے “Greater Karachi Regional Plan 2047” کے تحت عوامی نمائش اور اوپن ہاؤس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد کراچی کے مستقبل سے متعلق منصوبہ بندی، شہری ترقی، بنیادی سہولیات اور پائیدار وژن پر عوامی مشاورت کو فروغ دینا ہے۔یہ منصوبہ پاکستان کے 100 سال مکمل ہونے کے تناظر میں کراچی کے مستقبل کی جامع منصوبہ بندی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس میں شہریوں، ماہرینِ شہریات، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، کاروباری برادری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی آراء کو شامل کیا جا رہا ہے۔اوپن ہاؤس ایونٹ میں “Situation Analysis and Key Strategic Issues” کے عنوان سے کراچی کو درپیش اہم شہری چیلنجز، آبادی میں اضافہ، ٹرانسپورٹ، رہائش، ماحولیات، انفراسٹرکچر اور علاقائی ترقی سے متعلق نکات عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان کے لیے خصوصی پریس پریویو کا انعقاد بروز جمعہ 15 مئی 2026ء صبح 11 بجے تا دوپہر 12 بجے کیا جائے گا، جبکہ عوامی نمائش 16 مئی سے 19 مئی 2026ء تک روزانہ صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔بمقام: خالق دینا ہال، محمد علی جناح روڈ، صدر، کراچی منتظمین نے شہریوں، دانشوروں، طلبہ، ماہرین اور میڈیا نمائندگان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم منصوبے میں شرکت کرکے کراچی کے مستقبل کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔