06-Jul-2026
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی کا منور چورنگی انڈر پاس اور اسکیم 33 کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے حکومت سندھ کے تعاون سے جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منور چورنگی انڈر پاس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور منصوبے کی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔چیف انجینئر کے ڈی اے عبدالصمد جملانی نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منور چورنگی انڈر پاس کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ منصوبے کے تحت گیس پائپ لائن کی منتقلی کا کام آئندہ ہفتے تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد انڈر پاس کو عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ کام مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔دورے کے دوران ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی، چیف انجینئر عبدالصمد جملانی، سپرنٹنڈنگ انجینئر جنید صدیقی اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز بھی موجود تھے۔بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے اسکیم 33کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکٹر26 اور27 میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر حکومت سندھ کے مالی تعاون سے سعدی ٹاؤن کو موٹروے M-9 سے ملانے والی تقریباً چار کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیراتی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام ترقیاتی کام بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کرکے سڑک کو جلد از جلد عوام کے لیے فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں۔