Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

14-Aug-2026

ادارہ ترقیات کراچی میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کی پرچم کشائی

پاکستان کے79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ادارہ ترقیات کراچی کے زیرِ اہتمام سوک سینٹر بلڈنگ میں ایک باوقار اور ملی جذبے سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں افسران، ملازمین اور کے ڈی اے اسکول کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے قومی پرچم لہرایا۔ پرچم کشائی کے موقع پر قومی یکجہتی، حب الوطنی اور وطن سے محبت کے جذبات نمایاں رہے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر جنرل نے یومِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے تمام پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارک باد پیش کی اور قیامِ پاکستان کے لیے لازوال قربانیاں دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد وطن میں زندگی بسر کرنا ہمارے لیے اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت اور خوش قسمتی ہے۔ ہر سال یومِ آزادی ہمیں اپنے بزرگوں اور قومی ہیروز کی جدوجہد، قربانیوں اور عزم کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی محض ایک قومی تہوار نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن بھی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ پاکستان کی ترقی، استحکام، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کے لیے اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور خلوصِ نیت کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ ترقیات کراچی شہر کی بہتری اور عوامی خدمت کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں انجام دیتا رہے گا۔تقریب کے دوران کے ڈی اے اسکول کے طلبہ و طالبات نے ملی نغمے اور قومی ترانہ پیش کیا، طلبہ کی پُرجوش اور خوبصورت پیشکش کو شرکاء نے بھرپور سراہا۔اس موقع پر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر کے ڈی اے کے عنقریب ریٹائرڈ ہونے والے افسران میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر کے ڈی اے انتظامیہ اور پیپلز لیبر یونین کے زیرِ اہتمام محمد اشرف کی جانب سے شرکاء کے لئے الگ الگ وسیع و عریض حلیم کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں ڈی جی کے ڈی اے سمیت افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کے ہمراہ ممبر فنانس کے ڈی اے نوید انور صدیقی، چیف انجینئر عبدالصمد جملانی، سیکریٹری کے ڈی اے ارشد خان، سی بی اے چیئرمین عبد المعروف اور کمیٹی ممبران سمیت مختلف شعبہ جات کے افسران، ملازمین اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔یومِ آزادی کی اس تقریب نے اس عزم کو اجاگر کیا کہ پاکستان کی ترقی، قومی اتحاد اور عوامی خدمت کے لیے ہر سطح پر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ‎


News Photo Gallery