22-Sep-2026
کے ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن شہریوں کو بہتر اور آسان سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے زین العابدین انصاری
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری کو کے ڈی اے میں موجود شہریوں کے ریکارڈ کو جدید کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک کرنے کے مجوزہ منصوبے پر Techno Pak Pvt. Ltd. کے عہدیداران نے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر آئی ٹی مبصرین آفتاب عالم، ڈائریکٹر (SEMIS)، عارف جنید(System Arch.)، اور فاروق مجید (IT&MIIS) بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن، محفوظ آرکائیونگ، لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی کارروائیوں کی نگرانی اور شہریوں کو آن لائن سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں کے ڈی اے کے دستیاب ریکارڈ کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کرکے محفوظ ڈیجیٹل آرکائیو تشکیل دی جائے گی۔ اس کے ساتھ لینڈ ڈیپارٹمنٹ میں جاری کارروائیوں کی مؤثر اور بروقت مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کیا جائے گا، تاکہ شہری اپنے اثاثوں اور متعلقہ ریکارڈ سے متعلق معلومات مستقبل میں گھر بیٹھے حاصل کرسکیں۔منصوبے کے دوسرے مرحلے میں جدید فائل ٹریکنگ سسٹم متعارف کرانے کی تجویز ہے، جس میں بارکوڈ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ اس نظام کے ذریعے فائل کی نقل و حرکت اور مختلف مراحل پر ہونے والی کارروائی کو باقاعدگی سے مانیٹر کیا جاسکے گا، جس سے فائلوں کی بروقت پیش رفت اور شہریوں کے کام میں غیر ضروری تاخیر کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری نے کہا کہ کے ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن شہریوں کو بہتر اور آسان سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام دستیاب ریکارڈ کو محفوظ اور منظم ڈیجیٹل آرکائیو کی شکل دی جائے تاکہ شہریوں کو اپنے اثاثوں اور متعلقہ دستاویزات کے بارے میں معلومات کے حصول کے لیے غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شہریوں کے لیے خدمات تک رسائی آسان ہوگی بلکہ ادارے کے قیمتی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے، کام کے طریقہ کار کو مزید منظم بنانے اور شفافیت کو مؤثر انداز میں فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔انہوں نے ڈائریکٹر آئی ٹی عباس علی خان کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبے کے حوالے سے باقاعدہ پروجیکٹ سیشنز ترتیب دیے جائیں اور تمام متعلقہ شعبوں سے مشاورت کے بعد جامع منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی جائے۔اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ بیورو جمیل احمد، ڈائریکٹر لینڈ سید عاطف حسین نقوی، ڈائریکٹر آئی ٹی عباس علی، ڈائریکٹر ڈی پی یو ڈی عارف رضا دیگر افسران بھی موجود تھے۔