25-Sep-2026
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری کی زیر صدارت افسران کا اجلاس
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی زین العابدین انصاری کی زیر صدارت سوک سینٹر میں افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے مختلف محکموں کی کارکردگی، باہمی رابطہ اور زیرِ سماعت عدالتی مقدمات سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ادارے میں زیرِ سماعت مختلف عدالتی مقدمات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے اپنے زیرِ التوا اور حالیہ کورٹ کیسز کے حوالے سے کے ڈی اے کی لیگل ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھیں اور مطلوبہ Comments، ریکارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات بروقت فراہم کریں، تاکہ قانونی معاملات میں مؤثر پیش رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ عدالتی مقدمات سے متعلق کسی بھی معاملے میں تاخیر سے گریز کیا جائے اور متعلقہ افسران اپنی ذمہ داری کو سنجیدگی سے انجام دیتے ہوئے لیگل ٹیم کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے زین العابدین انصاری نے تمام محکموں کے ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ کورٹ کیسز کا جائزہ لے کر ان میں مطلوبہ عملی اقدامات مکمل کریں۔ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے تمام ڈائریکٹرز کو مزید ہدایت کی کہ 15 روز کے اندر اندر اپنے اپنے محکموں سے متعلق تمام عدالتی مقدمات میں کی جانے والی پیش رفت اور عملی اقدامات پر مشتمل جامع رپورٹ پیش کی جائے، تاکہ ادارے کی سطح پر مجموعی صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔