Welcome to Karachi Development Authority
Mon to Fri - 9am to 5pm
Civic Center, Karachi
info@kda.gos.pk
Click Here
رفاہی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں خصوصاً کمرشل ادارے چلانا الاٹمنٹ کی بنیادی شرائط کی خلاف ورزی ہے، ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے الاٹمنٹ سمیت لیز کو منسوخ کردیا جائے گا۔ نادہندہ کو آخری بار تنبیہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بقایاجات کی ادائیگی یقینی بنائیں بصورت دیگر ادارہ ترقیات کراچی قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر کانفرنس روم میں ایک اجلاس کی صدارت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمنسٹریشن نوید انور، ممبر فنانس ورئیل اندھر، چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ اربن ڈیزائن رفیق کھوڑو، سینئر ڈائریکٹر لینڈ رضا قائم خانی، ڈائریکٹر ریکوری جمیل احمد، سپرنٹنڈنٹ انجینئرز و ایگزیکٹو انجینئرزموجود تھے۔ ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رہائشی، کمرشل، اور صنعتی پلاٹوں کے مالکان کو بقایاجات کی ادائیگی کے لئے نوٹسز کے ذریعے باور کرایا جائے کہ بقایاجات کی ادائیگی مقررہ وقت کی جائے۔ واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں نادہندہ الاٹیز کے پلاٹس منسوخ کا عمل مرحلہ وار شروع کیا جائے۔ انہوں نے رفاہی پلاٹوں پر تجارتی سرگرمیاں کرنے والے عناصر کی فوری طور پر نشاندہی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ کے ڈی اے کے زیر اہتمام دفاتر جو کہ مختلف سوک اداروں کو کرائے کی مد میں دیئے گئے ہیں، ان تمام اداروں سے کرائے کی مد میں رقم کی ادائیگی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے اور ایسے سوک ادارے جو کے ڈی اے دفاتر کو مختلف اداروں کو کرایہ پر دے رہے ہیں، ان کے خلاف فوری طور پر کارروائی کی جائے جبکہ کے ڈی اے کی تمام اسکیموں اور ٹاؤن شپس میں رفاہی پلاٹوں کا سروے مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے تمام اسکیموں کے ایگزیکٹو انجینئرز کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضیوں کا سروے کرکے نشاندہی کی جائے تاکہ سرکاری اراضیوں کو نیلام کیا جاسکے جس کا مقصد ادارہ ترقیات کراچی کے ذرائع آمدن میں مزید اضافہ لاکر ادارہ کو مالی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر پارکس محمد زاہد کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے کی ایسی نرسریاں جن کاادارہ سے معاہدہ ختم ہوچکا ہے اس کے باوجود قائم ہیں ان کو سرکاری تحویل میں لیا جائے اور جو نرسریاں کرایہ ادا نہیں کررہی ان سے کرایہ حاصل کرنے کیلئے تمام قانونی اقدامات کئے جائیں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر ریکوری کو ہدایت جاری کی کہ بقایا جات کی ادائیگی سمیت ہر ممکنہ ذرائع آمدن میں اضافہ کے لئے کسی بھی قسم کے دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر وسائل کا بھرپور استعمال کیا جائے۔