12-Aug-2024
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر میں موجود اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا۔
ادارہ ترقیات کراچی کے زیر اثر ٹاؤن شپس و اسکیموں میں غیر قانونی سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، ملوث عناصر فوری طور پر غیر قانونی سرگرمیاں ترک کردیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر میں موجود اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدار ت کرتے ہوئے کیا۔ ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام فوری طور پر رہائشی علاقوں میں کمرشل سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر پی اینڈ یو ڈی فرید شیخ اور ڈائریکٹر لینڈ آصف چانڈیو کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے ٹاؤن شپس و اسکیموں میں فارورڈنگ پلان نقشے کے بغیر مذکورہ ٹاؤن شپس و اسکیموں میں زیر تعمیر غیر قانونی عمارتوں کی نشاندہی مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے جبکہ ایسے واجب الا دا الاٹیز کی فہرست مرتب کی جائے اور ان کو ادارہ ترقیات کراچی کی الاٹیز پر واجب الادا رقم کی فوری ادائیگی کے لئے نوٹسز جاری کئے جائیں۔ ڈائریکٹر ریکوری جمیل احمد نے ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مختلف کے ڈی اے الاٹیز پر تقریباً ڈیڑھ ارب روپے کی رقم واجب الاد ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ الاٹیز سے واجبات کی ادائیگی کے لئے ہر ممکنہ وسائل کو استعمال کیا جائے اور جلد ازجلد واجبات کی ادائیگی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ ادارہ ترقیات کراچی کے ذرائع آمد میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہوسکے۔ اجلاس میں سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد عامر میمن، ڈائریکٹر ریکوری جمیل احمد، ڈائریکٹر آصف رضا چانڈیو، ڈائریکٹر پی اینڈ یو ڈی فرید شیخ، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز و دیگر افسران موجود تھے۔