Welcome to Karachi Development Authority
Mon to Fri - 9am to 5pm
Civic Center, Karachi
info@kda.gos.pk
Click Here
المصطفیٰ اسپتال اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام بین الاقوامی عالمی دن امراض قلب کے موقع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے سیمینار میں شرکت کی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے سیمینار میں موجود حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امراض قلب کی تشخیص میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے جو کہ باعث تشویش ہے۔ امراض قلب کے اضافہ کو روکنے کے لئے ضروری ہے کہ عوام میں امراض قلب کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے جس کے لئے تسلسل کے ساتھ مختلف سیمینار کا انعقاد ضروری ہے۔ بلڈ پریشر، شوگر اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرکے دل کی بیماری سے انسان محفوظ رہ سکتا ہے۔ ابتدائی علامت ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر معالج سے رجوع کیا جائے تاکہ بروقت علاج کے ذریعہ دل مزید متاثر ہونے سے بچ سکے۔ صحت مند زندگی کے لئے ہلکی ورزش کے ساتھ ساتھ سائیکل کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر عادت بنائیں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے مزید کہا کہ ویلفیئر ٹرسٹ نے اولڈ ایج برائے خواتین سیدہ خاتون جنت فاطمۃ الزہرہ اور اولڈ ایج برائے مردگوشہ سیدنا امیر حمزہ شیلٹر قائم کئے ہیں جہاں بزرگ مرد و خواتین کو صحتمندانہ ماحول فراہم کیا جارہا ہے جوکہ خوش آئند ہے۔ چیئرمین المصطفیٰ اسپتال ویلفیئر ٹرسٹ ڈاکٹر حاجی حنیف طیب کا کہنا تھا کہ انسان کی زندگی اللہ پاک کی نعمت ہے، ہمیں اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہئے، کھانے پینے کے دوران غدا، پانی اور ہاضمہ کے تین حصہ بنائیں، تاکہ آپ صحتمندانہ زندگی گزار سکیں، ہمیں صرف باتوں کی حد تک نہیں بلکہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد بھی کرنا چاہئے۔ صدر المصطفیٰ اسپتال ویلفیئر ٹرسٹ ڈاکٹر عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ ہمارے یہاں تھیلیسیمیا اور ڈائیلاسز سینٹر کی بھی سہولیات میسر ہیں جہاں متوسط طبقہ کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر وینس امام اور ڈاکٹر ابراہیم ہاشمی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے امراض قلب سے متعلق ابتدائی علامت پر آگاہی دی۔ آخر میں ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین کو اسپتال میں طبی سہولیات اور جدید مشینری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا گیا جبکہ المصطفیٰ اسپتال اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ڈی جی کے ڈی اے کو سووینئر، اجرک اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں صدر/منیجنگ ٹرسٹی انجینئر مالک عبدالغفار سعیدی،کے ڈی اے مزدور یونین کے سرپرست عبدالمتین اور حاضرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔