Welcome to Karachi Development Authority
Mon to Fri - 9am to 5pm
Civic Center, Karachi
info@kda.gos.pk
Click Here
کے ڈی اے لینڈ اور ریکوری ڈپارٹمنٹ سے متعلق سائلین کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہونے کے بعد ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن نے کے ڈی اے کے مرکزی دفتر سوک سینٹر تیسری منزل پر موجود لینڈ ڈپارٹمنٹ کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی نے ڈائریکٹر لینڈ آصف رضا چانڈیو کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ ڈپارٹمنٹ میں شکایات کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، آئندہ شکایات ملنے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ریکوری ڈپارٹمنٹ کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر ریکوری بہزاد عامر میمن کی بھی سرزنش کی کہ سائلین کے کام کو فوری مکمل کریں اور غیر ضروری رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ الطاف گوہر میمن نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عابد زیدی کے دفتر میں موجود فائلوں کا انبار ملنے پر برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر فائلوں پر آفس ورک مکمل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی طرح کی شکایت موصول نہیں ہونی چاہئے۔ بعدازاں ڈائریکٹر جنرل نے ریکارڈ روم کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے احکامات جاری کئے کہ ریکارڈ کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لئے کام میں مزید بہتری لائی جائے اور فائلیں غائب ہونے کی شکایت کا ازالہ کیا جائے اور ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔تمام ریکارڈز کو محفوظ بنانے کے لئے کمپیوٹرائزیشن میں تیزی لائی جائے اور حائل رکاوٹوں کو فوری ختم کیا جائے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے سیکریٹری کے ڈی اے ارشد خان کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ آفس ٹائمنگ صبح 9 تا شام 5 بجے کو یقینی بنایا جائے اور آفس ٹائم کے بعد ریکوری، لینڈ اور دیگر شعبہ جات کو مکمل طور پر بند رکھا جائے، بلڈنگ میں بینرز آویزاں کئے جائیں اور ڈائریکٹر جنرل کو برا ہ راست شکایت درج کی جائے، اس ضمن میں فوری طور پر شکایتی مرکز کا قیام عمل میں لایا جائے۔