Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

13-Oct-2025

وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کے زیر صدارت کے ڈی اے سوک سینٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس، اہم فیصلے.

وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے آج سوک سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر وسیم شمشاد علی، ڈی جی کے ڈی اے آصف جان صدیقی، افسرانِ محکمہ لوکل گورنمنٹ اور کے ڈی اے کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان بھی موجود تھے۔وزیر بلدیات سندھ نے کے ڈی اے کے ماتحت جاری اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں اگر کوئی رکاوٹ یا مالی مشکلات درپیش ہیں تو سندھ حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولیات فراہم کی جا سکیں۔وزیر بلدیات نے کہا کہ کریم آباد انڈر پاس کا کام سست روی کا شکار ہے، جس کی رفتار بڑھانے کی فوری ضرورت ہے۔اسی طرح منور چورنگی انڈر پاس کی تعمیر کے دوران شہریوں کے لیے متبادل راستوں کو بہتر بنایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہواور عوام کو تکالیف بھی نا ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام یوٹی لیٹیز کی لائنوں کے حوالے سے متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے مسائل حل کریں تاکہ تعمیراتی کام بغیر رکاوٹ کے مکمل ہو سکے۔وزیر بلدیات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مجاہد کالونی میں 1.8 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر جاری ہے، تاہم واٹر و سیوریج لائنز کے مسائل اور قبضہ مافیا کی سرگرمیاں کام میں تاخیر کا باعث ہیں۔کورنگی 1300روڈ پر نالہ کی تعمیر جاری ہے، جس کے لیے اضافی فنڈز درکار ہیں۔وزیر بلدیات نے اس موقع پر ہدایات دی کہ ٹریفک انجینئرنگ بیورو اور کے ڈی اے پائپ فیکٹری کو فعل بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ڈی جی کے ڈی اے نے بتایا کہ ادارہ اس وقت تنخواہوں کی مد میں شارٹ فال کا سامنا ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات 2020 سے زیرِ التواء ہیں۔اس سلسلے میں سمری سندھ حکومت کو ارسال کی جا چکی ہے۔ڈی جی کے ڈی اے نے اس موقع پر وزیر بلدیات سے درخواست کی کہ بہت سارے مسائل زیر التوا ء ہے اس لئے ان کے حل کے لئے فوری طور پر گورننگ باڈی کا اجلاس طلب کیا جائے۔ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ کے ڈی اے کے لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لئے جو بھی ضروری اقدامات ہے وہ فوری طور پر کئے جائیں تاکہ لینڈ ڈیپارٹمنٹ میں شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔وزیر بلدیات نے سرجانی ٹاؤن کے اسکائی ویو اپارٹمنٹس منصوبے کو عوامی استعداد کے مطابق کم لاگت پر تعمیر کرنے کی ہدایت دی تاکہ متوسط طبقہ بھی اس سے استفادہ کر سکے۔ڈی جی کے ڈی اے نے بتایا کہ ادارہ پائپ فیکٹری کو از سر نو فعال کرنے کے لیے نیا پلان مرتب کر رہا ہے جبکہ سفورہ اسفالٹ پلانٹ کے لیے نیا منصوبہ سندھ حکومت کو منظوری کے لیے ارسال کیا جائے گا۔معمار اسفالٹ پلانٹ کے حوالے سے وزیر بلدیات نے کہا کہ اس پر الگ میٹنگ رکھی جائے تاکہ مستقبل کا واضح لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔وزیر بلدیات نے اس موقع پر ہدایت دی کہ کے ڈی اے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور آمدن میں اضافے کے لئے نئی ہاؤسنگ اسکیم سمیت دیگر منصوبہ بندی کی جائے،اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ کے ڈی اے کی جانب سے پلاٹوں کی نیلامی کی منظوری اور سندھ حکومت سے گرانٹ میں اضافے کے لئے سندھ حکومت کو سمری ارسال کی گئی ہے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت ادارے کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ ون ونڈو سسٹم کے تحت ایک ایسا شفاف طریقہ کار تیار کیا جائے جس سے زمین پر قبضے اور نقلی فائلز کے امکانات ختم ہوں۔انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے مفاد کے تحفظ کے لیے سندھ حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔دورے کے اختتام پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کو گریٹر کراچی ریجنل پلان 2047پر تفصیلی پریزنٹیشن دی گئی۔انہوں نے اس منصوبے کو کراچی کی مستقبل کی ترقی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس پر تیزی سے عمل درآمد کیا جائے اور اس سلسلے میں مئیر کراچی کو اعتماد میں لے کر ان سے مسلسل مشاورت کی جائے۔وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی ایک تاریخی اور عوامی ادارہ ہے، اسے جدید تقاضوں کے مطابق فعال بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سندھ حکومت کے تعاون سے کے ڈی اے دوبارہ اپنی ساکھ اور کارکردگی بحال کرے گا۔ ‎


News Photo Gallery