27-Oct-2025
اکتوبر ۲۷ یوم سیاہ،کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کا دن
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیاتِ کراچی آصف جان صدیقی نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ کی ہدایت پر آج 27 اکتوبر کو صوبے بھر میں یومِ سیاہ منایا گیا تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے اور ان کی انتھک جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ27 اکتوبروہ تاریخی سیاہ دن ہے جب بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ کشمیری عوام اپنی آزادی، حقِ خود ارادیت اور بنیادی انسانی حقوق کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت ہمیشہ کی طرح آج بھی کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومتِ سندھ کے اعلان کے مطابق صوبہ بھر میں آج صبح 10بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی تاکہ کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ اس موقع پر کے ڈی اے کے دفاتر، سوک سینٹر اور متعلقہ اداروں میں بھی خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی گئی، جن میں کشمیر کی آزادی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔آصف جان صدیقی نے مزید کہا کہ ادارہ ترقیاتِ کراچی اپنے تمام افسران اور عملے کے ساتھ اس قومی جذبے میں شریک ہے، اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کے لیے ان کی پرامن جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ یوم سیاہ کے جاری بیان پر ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اس بات کی روشن مثال ہیں کہ ظلم و جبر کے باوجود آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔