Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

12-Jan-2024

نگراں صوبائی وزیر بلدیات سندھ محمد مبین جمانی اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور سہہ روزہ گل داؤدی پھولوں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے.

نگراں صوبائی وزیر بلدیات، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ و بحالیات سندھ محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ وہ افسران جو نیب سے پری بارگنگ کرکے یا کسی اور ادارے میں کرپشن میں ملوث رہے ہیں، ایسے افسران کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا جائے گا۔ کے ڈی اے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن و دیگر ادائیگیاں ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن ہماری کوشش ہے کہ اس کو جلد سے جلد حل کردیا جائے، سینئر ججز اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفیٰ ملک کے لئے اچھے نہیں ہیں، کے ڈی اے نے اپنی تاریخ میں پہلی بار پھولوں کی نمائش کا انعقاد کیا ہے جو ایک خوش آئند اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کے ڈی اے کے مرکزی دفتر میں لگائی جانے والے سہہ روزہ گل داؤدی پھولوں کی نمائش کا افتتاح اور بعدازاں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نوید انور، چیف انجینئر/ ممبر ٹیکنیکل طارق رفیع، ممبر فنانس ورئیل اندھر،سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد عامر میمن، ڈائریکٹر پارکس محمد زاہد ودیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ محمد مبین جمانی نے کہا کہ 1947ء میں شہر کراچی کی آبادی 3 لاکھ اور اس کے برعکس آج آبادی 3 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کی اربوں روپے کی اراضی پر قبضہ مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے، قابضین سے واگزار کرانے کے لئے ہم نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مختلف اداروں کو قبضہ کی گئی زمینوں کی فہرستیں پہنچادی ہیں۔ محمد مبین جمانی نے کہا کہ ہم کے ڈی اے کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لارہے ہیں جس سے یہ ادارہ پہلے کی مانند ایک مضبوط اور خود مختار ادارہ بن جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کی ترقی دراصل شہر کراچی کی ترقی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایک ایسا روڈ میپ بناکر جائیں کہ آنے والی حکومتیں اس پر عملدرآمدکرکے اس شہر کو اور اس صوبے کو ترقی یافتہ شہر و صوبہ بناسکیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری زیادہ سے زیادہ کوشش ہوگی کہ جانے سے قبل کے ڈی اے کی ون ٹائم گرانٹ مسئلہ کو حل کرادوں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کے ایس بی سی اے سمیت جن دیگر اداروں پر بھی واجبات ہیں ان کو جلد ہی دلوائے جائیں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے آنے کے بعد 10سے 12ایسے افسران جن کا تعلق کے ڈی اے سے نہیں تھا ان کو دوبارہ اپنے محکموں میں بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کے پاس جو زمینیں موجود ہیں ان کی نیلامی کے لئے ڈی جی کے ڈی اے کو ہدایت جاری کی ہیں اور جلد ہی ہم ان زمینوں پر منصوبوں کا آغاز کریں گے ساتھ ہی ایسی تمام زمینیں جو کے ڈی اے کی ملکیت ہیں اور ان پر سفید پوش اور دیگر قبضہ مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے ان کو بھی واہگزار کرالیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں محمد مبین جمانی نے کہا کہ سینئر ججز کے استعفوں اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفیٰ اس ملک کے مفاد میں نہیں ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ گل داؤدی کی نمائش 12 تا 15 جنوری صبح 10 تا شام 6 بجے تک جاری رہے گی جہاں رنگ برنگے، خوبصورت اور بے شمار اقسام کے پھول بچوں اور بڑوں سب کی خوشی کا باعث بنیں گے۔ پھولوں کے مختلف اقسام کے پھول خزاں کے موسم میں بہار کا منظر پیش کررہے ہیں، موجودہ مشکل حالات میں گل داؤدی کی نمائش تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگی، اس سلسلے کو وسیع کرتے ہوئے جلد ہی کے ڈی اے اسکیموں اور ٹاؤن شپس میں پودوں کو لگانے کاعمل شروع کیا جائے گا جس کا مقصد شہر میں بڑھتی آلودگی کو ختم کرنا ہے۔تقریب میں سی بی اے کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے صدر عبدالمعروف، کے ڈی اے آفیسرز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عمران اعجاز، کے ڈی اے= لیبر یونین کے سرپرست اعلیٰ محمد اشرف، کے ڈی اے مزدور یونین کے صدر عبدالمتین شیخ و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔


News Photo Gallery