Welcome to Karachi Development Authority
Mon to Fri - 9am to 5pm
Civic Center, Karachi
info@kda.gos.pk
Click Here
سندھ گورنمنٹ کے جاری کردہADP فنڈ سے شہر بھر میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں مصروف عمل ہے۔ کے ڈی اے کے ماہر انجینئرز پر مشتمل ٹیم کریم آباد انڈر پاس تعمیر کی تکمیل کے لئے دن رات پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا استعمال کررہی ہے۔ جلد ہی کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر مکمل ہوجائے گی جس کے باعث مقامی افراد کو مختصر وقت میں آرام دہ سفری سہولیات میسر ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی نوید انور نے کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر کے لئے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے امید ظاہر کی کہ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر اور نگراں وزیر بلدیات سندھ مبین جمانی کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر کے لئے ADP فنڈ میں تاخیر کی نشاندہی کرتے ہوئے اور انڈرپاس کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو ہنگامی طور پر دور کرتے ہوئے ADP فنڈ کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع وسطی میں عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے کریم آباد انڈر پاس کی تعمیر شروع کردی گئی ہے، ہم نے کراچی کے انفرا اسٹرکچر میں مزید بہتری لانے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع نے ڈی جی کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کریم آباد انڈر پاس کا پہلا 30 میٹر کنکریٹ اسپیل بچھانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔کریم آباد انڈر پاس ایک کلومیٹر طویل اور دو رویہ پر مشتمل ہے، انڈر پاس کی تعمیر پر 1350 ملین روپے لاگت آئے گی جس کو ADP کے فنڈز سے 24ماہ کی مختصر مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ کریم آباد انڈر پاس کے لئے خصوصی طور پر تعمیراتی کام کی کوالٹی کو اعلیٰ معیار پر رکھا گیا ہے۔ کریم آباد انڈر پاس پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد شہریوں خصوصاً لیاقت آباد ٹاؤن اور فیڈرل بی ایریا کے شہریوں کو مختصر وقت میں آرام دہ سفری سہولیات میں اضافہ ہوگا۔ڈی جی کے ڈی اے نے انڈر پاس کی تعمیر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشینری و افرادی قوت میں اضافہ کرکے مقررہ مدت سے قبل انڈر پاس کی تعمیر نو مکمل کی جائے۔