Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

18-Mar-2024

ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی خصوصی ہدایت پر سوک سینٹر میں قائم تمام شعبہ جات کا دورہ کیا۔

ادارہ ترقیات کراچی میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے، اس گنجائش کو پُر کرنے کے لئے تمام افسران و ملازمین اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں۔ ادارہ میں گھوسٹ ملازمین کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ مستقل بنیادوں پر غیر حاضر افسران و ملازمین قبلہ درست کریں بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی خصوصی ہدایت پر سوک سینٹر میں قائم تمام شعبہ جات کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ممبر ایڈمنسٹریشن نوید انور، چیف انجینئر کے ڈی اے طارق رفیع اور سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد عامر میمن موجود تھے۔ انہوں نے پلاننگ اینڈ اربن ڈیزائن، ٹریفک انجینئرنگ بیورو، فنانس اینڈ اکاؤنٹس ڈپارٹمنٹ، کے ڈی اے ریکارڈ روم، پبلک ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ،ریکوری ڈپارٹمنٹ، اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ڈپارٹمنٹ، انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ، لینڈ ڈپارٹمنٹ و دیگر محکمہ جاتی افسران کو سختی سے ہدایت جاری کی کہ غیر حاضر اسٹاف اور ڈیوٹی ٹائمنگ کی خلاف ورزی کرنے والے افسران و ملازمین کی فہرست فوری طور پر تیار کرکے سیکریٹری کے ڈی اے کو پیش کی جائے، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے تمام ڈپارٹمنٹ کے حاضری رجسٹرڈ چیک کئے اور غیر حاضر افسران و ملازمین کے خلاف سیکریٹری کے ڈی اے کو وارننگ لیٹر جاری کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر حاضر اور دیر سے آنے والے افسران و ملازمین کی ذمہ داری متعلقہ ہیڈ آف ڈپارٹمنٹ پر عائد ہوگی، لہٰذا فوری طور پر تمام محکمہ جاتی افسران اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ریکارڈ روم کے دورہ کے موقع پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کو درست حالت میں رکھا جائے جبکہ ریکارڈ روم کی صفائی و ستھرائی میں مزید بہتری لائی جائے اور فائر فائٹنگ سسٹم کو مکمل طور پر فعال کیا جائے، سائلین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ریکارڈ روم میں مزید بہتری کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو 7 دن کے اندر ریکارڈ روم کے دفتری امور کے بارے میں مثبت تجاویز و آراء مرتب کرکے پیش کرے گی۔ لینڈ ڈپارٹمنٹ دورہ کے دوران موقع پر موجود سائلین نے ڈی جی کے ڈی اے کو نارتھ کراچی کے افسران و ملازمین کے غیر جانبدارانہ رویہ کی شکایت کی جس پر ڈی جی کے ڈی اے نے سینئر ڈائریکٹر لینڈ رضا قائم خانی کو احکامات دیئے کہ نارتھ کراچی کے دونوں افسران کو فوری طور پر طلب کیا جائے اور سائلین کی شکایات کو جلد ازجلد دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لینڈ ڈپارٹمنٹ کے دفتری امور میں تیزی لائی جائے، مذکورہ ڈپارٹمنٹ میں کسی بھی قسم کی مشکوک سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہے، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افسران و ملازمین کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے ایگزیکٹو انجینئر سوک سینٹر کو ہدایت جاری کی کہ سوک سینٹر بلڈنگ میں صفائی و ستھرائی کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے۔ دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ اربن ڈیزائن رفیق کھوڑو، ڈائریکٹر ٹریفک انجینئرنگ بیورو یوسف اقبال، ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاؤنٹس محمد کاشف صدیقی، ڈائریکٹر پبلک ہاؤسنگ ناصر خان، ڈائریکٹر ریکوری رضا قائم خانی، ڈائریکٹر سی اینڈ آئی ارشد خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ محمد راشد و دیگر افسران موجود تھے۔


News Photo Gallery