Welcome to Karachi Development Authority

Mon to Fri - 9am to 5pm

Address

Civic Center, Karachi

Send Us Mail

info@kda.gos.pk

News Details

14-Aug-2024

*ادارہ ترقیات کراچی* پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید شجاعت حسین سوک سینٹر بلڈنگ میں قومی پرچم لہرا رہے ہیں۔

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صرف 14 اگست کی خوشیاں منانا کافی نہیں بلکہ اس روز قائداعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی تعبیر کو یقینی بنانا ہے۔ بدقسمتی سے آج 77 سال بعد بھی ہم وہ پاکستان نہیں بنا سکے،جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ ہم پاکستانی نوجوان ارشد ندیم کو سلام پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے 77 سال بعد قوم میں ایک نئی امید پیدا کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کے ڈی اے کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر سعید غنی نے ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین و دیگر افسران کے ہمراہ پاکستان کا پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پڑھا۔ اس موقع پر چیف انجینئر طارق رفیع، معروف تاجر دانش خان، سینئر ڈائریکٹر لینڈ ورئیل اندھر،سیکریٹری کے ڈی اے بہزاد عامر میمن،ڈائریکٹر فنانس محمد کاشف صدیقی، ڈائریکٹر لینڈ آصف رضا چانڈیو، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ارشد عباس، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار،وزیر بلدیات سندھ میڈیا کنلسٹنٹ زبیر میمن، صدر کے ڈی اے سی بی اے ایمپلائز یونین عبدالمعروف، سرپرست اعلیٰ کے ڈی اے پیپلز لیبر یونین محمد اشرف و دیگر افسران و ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین کے ہمراہ قومی پرچم کی کشائی کی۔ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے تمام اہل وطن کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کی اور مادر وطن کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا یوم آزادی کے موقع پر اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ کیا ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کو پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ذاتی حیثیت میں یہ سمجھتا ہوں کہ شاید ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کی تعبیر سے بہت دور ہیں، بانی قائد ایک آزاد اور خود مختار ملک چاہتے تھے جہاں رنگ و نسل کی تفریق کے بغیر بحیثیت ایک قوم متحد ہوں مگر بدقسمتی سے، زبان، نسل، رنگ کی بنیاد پربحیثیت قوم تقسیم ہوگئے ہیں۔یہ ملک اس وقت قائداعظم کے خوابوں کی تکمیل تک پہنچے گا جب یکجہتی کا مظاہرہ کرکے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ہمیں نئی نسل کو بانی قائد کی سوچ کی تکمیل کرکے خوشحال پاکستان دینے کی ضرورت ہے اور یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم ذاتی مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے باہمی اتفاق و اتحاد سے مل کر پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے ذاتی جدوجہد کو یقینی بنائیں۔ مجھے امید ہے کہ عنقریب ملک معاشی مسائل کے چنگل سے نکل کر بہتری کی جانب گامزن ہوگا۔انہوں نے مزید کہا ارشد ندیم غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے، وسائل کی کمی کے باوجود محنت، جدوجہد اور کامیاب کوششوں کے باعث ارشد ندیم کو کامیابی حاصل ہوئی، جس کے باعث پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔ پاکستان میں ارشد ندیم جیسے کروڑوں میں موجود ہیں بس ہمیں ایسے لوگوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔ تقریب کے دوران کے ڈی اے اسکول کے طلبہ و طالبات نے قومی ترانہ کے علاوہ ملی نغمے بھی پیش کئے گئے، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے بہترین پرفارمنس کرنے پر بچوں میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور ڈی جی کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے سوک سینٹر سبزہ زار میں بدست مبارک سے پودا بھی لگایا۔آخر میں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی اور ڈی جی کے ڈی اے نے جشن آزادی کے موقع پر کیک کاٹا۔


News Photo Gallery