21-Oct-2024
وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی سعید غنی کی زیر صدارت کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا خصوصی اجلاس برائے بجٹ 2024-25 اور نظرثانی شدہ بجٹ 2023-24 منعقد ہوا۔
کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی اے) کی گورننگ باڈی نے کے ڈی اے کے مالی سال 2024-25 کے بجٹ تخمینہ اور مالی سال 2023-24 کے نظرثانی تخمینہ کی منظوری دے دی۔ مالی سال 2024-25 میں آمدنی کا تخمینہ 13 ارب، 80 کروڑ 59 لاکھ روپے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 12 ارب 9 کروڑ 12 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا خصوصی اجلاس برائے بجٹ 2024-25 اور نظرثانی شدہ بجٹ 2023-24 وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین گورننگ باڈی سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید شجاعت حسین نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کو کے ڈی اے مالی سال بجٹ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری سندھ سید خالد حیدر شاہ، ارکان گورننگ باڈی رکن سندھ اسمبلی یوسف بلوچ، علی احمد جان، ایڈیشنل کمیشنر غضنفر شاہ، ڈی جی کے ڈی اے شجاعت حسین، کے ڈی اے ممبر فنانس کاشف خان، ممبر ایڈمنسٹریشن شکیل صدیقی، ممبر ٹیکنیکل طارق رفیع، ڈائریکٹر فنانس اینڈ اکاؤنٹس کاشف صدیقی و دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کے اجلاس کو چلانے کے لئے قواعد و ضوابط میں ترامیم منظور کرلی گئی، جن کے مطابق ہر اجلاس کی کارروائی کو ریکارڈ میں شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں مالی سال 2024-25 کے بجٹ تخمینہ اور مالی سال 2023-24 کے نظرثانی تخمینہ کی بھی منظوری دی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کے ڈی اے کی GIS میپنگ، FIMIS اور دیجیٹل آرکائیو کی جائے گی اور اس میں سندھ حکومت ان کی بھرپور معاونت کرے گی۔ اجلاس میں رواں مالی سال 2024-25 کے لئے بجٹ تخمینہ کی منظوری دی گئی، جس کے تحت کے ڈی اے کی آمدنی کا تخمینہ 13 ارب، 80 کروڑ 59 لاکھ روپے اور اخراجات کا تخمینہ 12 ارب، 9 کروڑ 12 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ اجلاس میں مالی سال 2023-24 کے لئے نظرثانی شدہ بجٹ کے تخمینہ کی بھی منظوری دی گئی۔ جن کے مطابق کے ڈی اے کی تخمینہ آمدنی 12 ارب، 59 کروڑ، 57 لاکھ کی بجائے نظرثانی شدہ آمدنی 6 ارب، 63 کروڑ، 17 لاکھ روپے ہوگی۔ جبکہ نظرثانی شدہ اخراجات 11 ارب، 7 کروڑ 98 لاکھ کی بجائے 6 ارب، 57 کروڑ، 24 لاکھ ہوں گے۔ اجلاس میں کے ڈی اے کے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ نظرثانی شدہ آمدنی و اخراجات کی تصدیق شدہ تخمینہ کے ڈی اے کی گورننگ باڈی کو جمع کروائیں گے۔